ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر کی قیادت میں دولت نگر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی میں میونسپل کمیٹی، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران سرکاری زمین پر قائم غیرقانونی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ متعدد دکانداروں کو موقع پر جرمانے کیے گئے۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم ریڑھیاں اور تھڑے بھی ہٹا دیے گئے تاکہ عوام کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔ انہوں نے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو متنبہ کیا کہ سرکاری جگہ پر قبضہ یا غیرقانونی کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف، منظم اور شہری دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
دورے کے دوران صفائی کی صورتحال اور نکاسی آب کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ سیوریج اور ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔