گوجرانوالہ: کوٹلی گل محمد کے علاقے میں اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور منشیات اسمگلروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار مطلوب منشیات اسمگلر مارے گئے۔
پولیس کے مطابق، کارروائی اینٹی نارکوٹکس فورس لاہور کی ٹیم نے کی، جو شیخوپورہ سے ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوئی تھی۔
تعاقب کے دوران ملزمان کی گاڑی روکنے پر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں بدقسمتی سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک خاتون بھی زخمی ہوئی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں اسمگلروں کا تعلق خیبر ضلع سے ہے۔ جائے وقوعہ سے بڑی مقدار میں منشیات اور بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کارروائیوں کا حصہ ہے، جس کے دوران حالیہ دنوں میں 421 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔