پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی دورے سے واپسی کے دوران جہاز میں مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پکڑے گئے، جس کے بعد سیکیورٹی حکام نے انہیں آف لوڈ کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جب قومی ہاکی ٹیم ارجنٹینا کے دورے کے بعد وطن واپس آ رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی واپسی کے دوران پرواز ایک غیر ملکی ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ کے لیے رکی، جہاں یہ مبینہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ واپسی کی پرواز برازیل میں مختصر قیام کے لیے رکی تھی اور اسی دوران منیجر انجم سعید پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے نے اس معاملے پر اعتراض اٹھایا اور شکایت درج کروائی، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے انجم سعید کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے بعد منیجر انجم سعید اور ایک کھلاڑی کے علاوہ باقی تمام اسکواڈ کو وطن واپسی کی اجازت دے دی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹیم کے دیگر ارکان نے انجم سعید کے حق میں کافی منت سماجت کی اور سیکیورٹی عملے کو قائل کرنے کی کوشش کی، تاہم ہوابازی کے قوانین کے تحت سگریٹ نوشی کو سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکام نے کسی قسم کی رعایت دینے سے انکار کر دیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر 2026 مصر میں کھیلے گی
مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے انجم سعید کو اپنی تحویل میں لیا اور ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق معاملے کو ختم کرنے کے لیے اثر و رسوخ بھی استعمال کیا گیا، جس کے بعد بالآخر یہ معاملہ جرمانے کی ادائیگی پر نمٹ گیا۔
دوسری جانب اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاز میں سگریٹ نوشی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور انہیں کسی قسم کی بدانتظامی یا خلاف ورزی پر آف لوڈ نہیں کیا گیا۔ انجم سعید کے مطابق وہ ایک کھلاڑی کے ہمراہ واپسی پر دبئی میں کام کے سلسلے میں رکے تھے، جسے غلط رنگ دے کر پیش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم دو روز قبل وطن واپس پہنچ چکی تھی، جبکہ انجم سعید اور مذکورہ کھلاڑی گزشتہ شب پاکستان واپس آئے۔ اس معاملے نے کھیلوں کے حلقوں میں خاصی بحث کو جنم دیا ہے، تاہم حقیقت کیا ہے، اس حوالے سے حتمی مؤقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
