پشاور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد ایک وفد افغانستان بھیجیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے لیے افغانستان جرگہ بھیجنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت نے افغان حکومت سے رابطہ کیا تاہم امارات اسلامی افغانستان کے 2 اہم حکومتی عہدیداروں کے سعودی عرب کے دورے پر ہونے کے باعث ملاقات میں تاخیر ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی بات چیت کے لیے پہلے مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف اور قبائلی عمائدین پر مشمل چھوٹا وفد افغانستان جائے گا، مذاکرات میں پاک افغان سرحد کے اطراف قیام امن اور تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت دیگر امور پرغور ہوگا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گرینڈ جرگہ ہوگا جس میں دونوں ممالک کے قبائلی عمائدین اور عہدیدار شریک ہوں گے۔
اس متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ افغانستان کی وجہ سے خیبر پختونخوا متاثر ہو رہا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ٹی او آرز بنا کر اور وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد وفد افغانستان بھیجیں گے، بات چیت کے لیے جرگہ بنائیں گے جس میں مختلف اقوام کے نمائندے شامل ہوں گے۔