معروف اداکار احد رضا میر اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں، جہاں دونوں کی ممکنہ قربتوں پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
احد رضا میر ان دنوں اپنے والدین، آصف رضا میر اور سمرا آصف، کے ہمراہ امریکہ میں ایک قریبی عزیز کی شادی میں شریک ہیں۔ اسی تقریب میں دنانیر مبین اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی نے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں تیز کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، جس پر مداحوں نے تعلقات سے متعلق تبصرے شروع کر دیے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ان دونوں کے حوالے سے ایسی باتیں سامنے آئیں، اس سے قبل مداحوں نے دعویٰ کیا تھا کہ احد اور دنانیر کو تھائی لینڈ میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، جہاں ایک تصویر میں احد رضا میر پس منظر میں نظر آ رہے تھے۔
تازہ تصاویر میں دنانیر متعدد بار احد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں، جس پر بعض مداحوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دنانیر کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کچھ صارفین نے احد کا موازنہ بھارتی اداکار رنبیر کپور سے کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے تعلقات اکثر مختصر مدت کے ہوتے ہیں۔
مداحوں نے سجل علی سے احد کی طلاق اور بعد ازاں رمشا خان کے ساتھ اُن کے مبینہ تعلقات کی بنیاد پر سوالات بھی اٹھائے، اور دنانیر کو ممکنہ دل شکستگی سے خبردار کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اس بحث میں جہاں کچھ لوگ اس جوڑی کو پسند کر رہے ہیں، وہیں کئی صارفین رشتے کے مستقبل کے حوالے سے تحفظات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔