شہد کی مکھیوں کے بڑے جھنڈ نے جہاز کی پرواز روک لی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نئی دہلی ، بھارت کے شہر سورت سے جے پور جانے والی ایک پرواز اس وقت دلچسپ صورتحال کا شکار ہو گئی جب شہد کی مکھیوں کے ایک بڑے جھنڈ نے طیارے کے سامان کے دروازے پر قبضہ جما لیا۔ ایئر بس اے 320 کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہونا تھا لیکن مکھیوں کے راج نے اسے ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار کر دیا۔

پرواز میں تمام مسافر سوار ہو چکے تھے اور عملہ سامان لوڈ کر رہا تھا کہ اسی دوران مکھیوں کا جھنڈ اچانک سامان کے دروازے پر آ بیٹھا۔ اس غیر متوقع صورتحال پر ایئرپورٹ سٹاف حیران و پریشان ہو گیا کیونکہ فوری طور پر ان کے پاس مکھیوں کو بھگانے کا کوئی مؤثر طریقہ موجود نہ تھا۔

latest urdu news

عملے نے پہلے دھواں استعمال کر کے مکھیاں ہٹانے کی کوشش کی، لیکن وہ ناکام رہی۔ آخرکار فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، جنہوں نے بروقت رن وے پر پہنچ کر پانی کی تیز دھار کے ذریعے مکھیوں کو بھگا دیا۔ اس کے بعد پرواز شام 5 بج کر 26 منٹ پر روانہ ہو سکی۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق مسافروں کی حفاظت اور پرواز کی روانگی میں حائل رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروقت اٹھائے گئے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے دلچسپ واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں شہد کی مکھیوں نے ایئر لائنز کو مشکلات میں ڈالا ہو۔ ایک دہائی قبل روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی ایسا ہی واقعہ رپورٹ ہوا تھا جہاں مکھیوں نے ایک جہاز پر اپنا قبضہ جما لیا تھا۔ یہ واقعہ ایک بار پھر قدرت کی غیر متوقع مداخلت کی یاد دہانی بن گیا۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter