پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابطہ کا فروغ انتہائی ضروری: وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او کانفرنس سے خطاب۔
اسلام آباد، شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جاری ہے۔ سربراہی اجلاس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام معزز مہمانوں کو ایس سی او اجلاس میں خوش آمدید کہتے ہیں اس اجلاس کی صدارت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ انتہائی ضروری ہے، تمام ممالک کو ملکر خطے کی معیشت کو بہتر بنا نا ہوگا، ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور تمام تر سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔
ہم عالمی منظر نامے میں تبدیلی اور ارتقا کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان علاقائی ترقی، استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ہے موجودہ صورتحال میں ہم سب کو ملکر اقدامات کرنے ہونگے۔
ہمیں اس وقت سیاحتی روابط، گرین ڈویلپمنٹ کے شعبوں پر توجہ کی ضرورت ہے، معاشی تعاون کیلئے ایس سی او ممالک کو نئی حکمت عملی پر غور کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان علاقائی ترقی اور استحکام کیلئے بہت اہم ملک ہے ہم پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے خواہاں ہیں، یقینی بنانا ہوگا کہ افغان سرزمین کسی ملک میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو۔
عالمی برادری کو افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد پر توجہ دینی چاہیے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینا عالمی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے، خطے سے غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو ترجیح دینا ہوگی۔
اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش خطرات اہم چیلنج ہیں ان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔