9 مئی کے احتجاج پر 5 افغان شہریوں سمیت پی ٹی آئی کے 10 کارکنوں کی سزا معطل کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 9 اور 10 مئی 2023 کے احتجاج پر 5 افغان شہریوں سمیت پی ٹی آئی کے 10 کارکنوں کی سزا معطل کر دی گئی۔
پی ٹی آ ئی کارکنوں کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں ملزمان پر فیض آباد میں پولیس پر حملے اور پولیس چوکی جلانے کا الزام ہے، ریکارڈ کے مطابق کوئی ایک بھی ملزم جائے وقوعہ سے گرفتار نہیں کیا گیا۔
کیس میں دلائل کے بعد عدالت نے 5 افغان شہریوں سمیت 10 پی ٹی آئی کارکنوں کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ملزمان کو 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔
پراسیکیوشن کی چارج شیٹ کے مطابق سزا پانے والے 5 ملزمان کے افغان شہری ہونے پر عدالت کی جانب سے ملزمان کو اپنی شہریت کی تصدیق کے لیے اصل شناختی کارڈز ڈپٹی رجسٹرار کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔