اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی۔
راولپنڈی، اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر قیدیوں سے ہر قسم کی ملاقات پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ہر قسم کی ملاقات پر 18 اکتوبر تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اورانکی اہلیہ بشریٰ بی بی سے پارٹی رہنماؤں، وکلاء اور فیملی کی ملاقات پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
جیل ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی سکیورٹی خدشات کے باعث لگائی گئی ہے۔
شہر اقتدار اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سلسلے میں جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے انتظامات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی گمشدگی ڈرامہ تھی یا پھر بازیابی ڈرامہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت وزیراعلیٰ کی گمشدگی کے جھوٹے پراپیگنڈے کرتی رہی، فوج اور ریاست کیخلاف منفی پراپیگنڈے ملک دشمنی ہے، پی ٹی آئی جھوٹے پراپیگنڈے میں کمیونسٹ پارٹی سے بھی آگے نکل چکی ہے۔