پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کو مینڈیٹ چوروں کا حساب ہو گا، حکومت پاکستان نے بغض عمران میں ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ ترنول میں جلسہ منسوخ نہیں بلکہ ملتوی کیا گیا ہے، یہ جلسہ کسی بھی انتشار سے بچاؤ کی خاطر ملتوی کیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ 8 ستمبر کو جلسہ منعقد ہو گا، کارکن اپنی تیاری جاری رکھیں، انتشار کی سیاست نااہل ٹولے کا طریقہ ہے پی ٹی آئی کا نہیں، سابق وزیراعظم عمران خان عوام کے بہتر مفاد اور ترقی کی سیاست کرتے ہیں۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا یہ کہنا ہے کہ جلسہ تحریک انصاف کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، اسٹیٹ عوام کے دلوں سے سابق وزیراعظم عمران خان کو نہیں نکال سکتی۔
بیرسٹر سیف کا مزید یہ کہنا تھا کہ سرکار نے بغض عمران میں ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا ہے، شریف خاندان آئین و قانون کو روند رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 سال میں پاکستان کو بدنام کیاگیا، پاکستانی قوم کی عزت نفس منظم طریقے سے تباہ کی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا یہ کہنا تھا کہ 2018 میں ایسے ڈرائیور کے ہاتھ گاڑی کی چابی دی گئی جس نے کبھی گاڑی چلائی ہی نہیں تھی، حکومت ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے تیز رفتارترقی کی بنیاد رکھنا چاہتی ہے۔