اسلام آباد، سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان ہمیں جلسہ اور جلوس نکالنے کی اجازت دیتا ہے۔
اسلام آباد میں ایک بیان میں سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا یہ کہنا تھا کہ ہم کونسے ڈنڈے اٹھا کر شہباز کو یا نواز کو گالیاں دینا چاہتے ہیں، محکمہ پولیس کی اپنی ڈیوٹی ہے، وہ انکے ذاتی ملازم نہیں ہیں، وہ ریاست کے حکم کے پابند ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین ہمیں جلسہ اور جلوس نکالنے کی اجازت دیتا ہے، ہماری کسی سے ذاتی رنجش نہیں ہے، ہم کہتے ہیں خدا کو مانو پاکستان کی بنیادوں سے مت کھیلو۔
سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں لوگ 5، 5 لاکھ ووٹ لے کر آئے ہیں وہاں کا اسپیکر پارلیمنٹ میں کسی کو بولنے ہی نہیں دیتا ہے، خدا کا خوف کریں، ملک سے مزید کھلواڑ مت کریں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کو اصل میں سندھی زبان کی اہمیت اور تقدس کا ادرا ک نہیں ہے، حافظ نعیم الرحمان کو سندھی سیکھنی چاہیے۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گھر، خاندان، گاؤں کے سربراہ کو ہم سندھی زبان میں وڈیرو کہتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری قیادت نے ہمیشہ ملک کے پسماندہ لوگوں کواہمیت دی ہے، پی پی پی کا نظریہ عوام کے حقوق کی سلامتی ہے، ہماری سیاست کا مقصد اپنے لوگوں اور ریاست کی خدمت کرنا ہے۔