پاکستان کے 5 سالہ مکس مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے 5 سال پرانا بھارت کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
صوبہ کے پی کے علاقے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ مکس مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے بھارت کا 5 سال پرانا مشکل ترین ریکارڈ توڑ کر اعزاز اپنے نام کرلیا ہے جسکے بعد سفیان پاکستان کے کم عمر ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے ایم وی ارجن پریان کے پاس تھا، ارجن پریان نے سافٹیسٹ ٹائم ٹو کلمب اراؤنڈ پرسن میں 9.78 سیکنڈز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ‘کسی شخص کے گرد چڑھنے کا تیز ترین وقت 7.87 سیکنڈ ہے اور یہ کامیابی عرفان محسود اور سفیان محسود نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 19 جون 2024 کو حاصل کی تھی، عرفان محسود اس کے علاوہ اور بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ٹائٹل ہولڈر ہیں۔
سفیان نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی چیلنجنگ ریکارڈ تھا، اس ریکارڈ کو کوالا چیلنج بھی کہا جاتا ہے جو کرونا کے دوران کافی مشہور ہوا تھا۔
واضح رہے کہ سفیان پاکستان کیلئے سب سے پہلے 100 گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عرفان محسود کے بیٹے ہیں۔ 33 سالہ محسود نے سب سے زیادہ پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیک، اسکواٹ تھرسٹس، کہنی پر ضرب لگانے، گھٹنے کے وار، اسٹیپ اپس، سائڈ جمپ اور اونچی چھلانگ لگانے کے ریکارڈ بنائے ہیں۔