2029 تک 40 معاشی اہداف مقرر، جی ڈی پی گروتھ بڑھانے کا حکومتی منصوبہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وفاقی حکومت نے 2029ء تک ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کو بڑھانے کے لیے 40 واضح اہداف مقرر کر دیے ہیں۔
یہ اہداف پلاننگ کمیشن کی ایک سرکاری دستاویز میں پیش کیے گئے ہیں، جس میں معیشت کے مختلف شعبوں کو بہتر بنانے اور عالمی مسابقتی دوڑ میں پاکستان کی شمولیت کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق ان اہداف میں علاقائی تجارت کو فروغ دینا، بلیو اکانومی کو وسعت دینا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی کو اپنانا، اور سستی توانائی کی فراہمی جیسے شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ناگزیر مینوفیکچرنگ میں ویلیو ایڈیشن اور برآمدی صلاحیت میں اضافہ بھی اہم ستون تصور کیے گئے ہیں۔ سرکاری منصوبے میں واضح کیا گیا ہے کہ گورننس اور پالیسیوں میں اصلاحات، سیاسی استحکام، اور ملک میں امن و امان کا قیام ان اہداف کی کامیابی کے لیے بنیادی شرائط ہیں۔

مذکورہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈیوں تک مکمل رسائی حاصل کر کے برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)، انٹرپنیورشپ اور شعبہ جاتی مہارت کو فروغ دے کر ملکی برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور فری لانسنگ کے لیے نوجوانوں کو جدید تربیت اور مہارت فراہم کرنا بھی اہم ہدف ہے۔

اسی طرح ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات، قدرتی آفات کے مقابلے کی صلاحیت میں بہتری، جنگلات کے رقبے میں اضافہ، اور گرین انرجی کی طرف پیش رفت کو بھی معاشی ترقی سے جوڑا گیا ہے۔ قدرتی معدنیات کی تلاش اور صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سماجی تحفظ کی فراہمی، نوجوانوں، خواتین، اور پسماندہ طبقے کے لیے خصوصی اقدامات ضروری ہیں۔ ان ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کا تعاون بھی درکار ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter