کراچی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی خرابی نظر نہیں آرہی۔
کراچی میں ایک تقریب سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی خرابی نظر نہیں آرہی، اگر کوئی ہے تو بتائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی 27 ویں آئینی ترمیم آرہی ہے تو اس کے خدوخال کا علم ہی نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نگران حکومت نہیں ہونی چاہیے، آئین پاکستان سے نگران حکومت کی شق نکالنی ہوگی، دنیا بھر میں اب نگران حکومتوں کے تصور کا خاتمہ ہوچکا، ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان پاکستان میں اسرائیل کا پیدا کیا ہوا فتنہ اور اس کا ایٹمی ہتھیار ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے گولڈ سمتھ خاندان پر مشتمل اسرائیلی لابی کام کررہی ہے، مسلمانوں پر حملے کرنے والا اسرائیل عمران خان کو بچانے کیلئے محنت کررہا ہے۔