اسلام آباد میں پاکستان اور ہنگری کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
معاہدوں میں سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری سفر، ثقافت اور آثارِ قدیمہ کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہنگری کے وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگری کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں بھرپور مواقع موجود ہیں اور جی ایس پی پلس کی حمایت پر ہنگری کے مشکور ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزا فری معاہدہ طے پایا ہے اور مستقبل میں مشترکہ کام سے دونوں کو فائدہ ہوگا۔
ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں سے باہمی تعاون بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ عالمی معاملات پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں اور جی ایس پی پلس میں بھی پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، ہنگری پاکستان کو قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے۔