خیبرپختونخوا میں آج بھی آندھی کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے چترال، سوات، دیر کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، دیر، بونیر، مہمند، باجوڑ، کرم میں آج بھی آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوگی۔

latest urdu news

گزشتہ روز اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے تباہی مچادی تھی، جبکہ باجوڑ، مردان، مالاکنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ، خیبر، سوات، کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں طوفانی بارشیں ہوئیں جس سے کافی نقصان ہوا۔

ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں گاڑی بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

ادھر بٹ گرام میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا کئی موٹرسائیکل بہالے گیا۔ جبکہ طوفانی بارشوں کے باعث فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور جہلم میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے دوران دیواریں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

دیوار گرنے کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جبکہ نواحی علاقے سہالہ میں دیوار گرنے کے تیسرے واقعے میں ایک بچہ اور نوجوان شدید زخمی ہوئے۔

راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں مسجد کی دیوار گرنے سے 24 سالہ موسیٰ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، جس کا تعلق ہزارہ کالونی سے تھا، اور اس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں تیز ہواؤں، بارش اور شدید ژالہ باری نے شہریوں کو نہ صرف حیران کر دیا بلکہ گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں شام کے وقت اچانک موسم کی تبدیلی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter