عمرکوٹ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، اس موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
اس حلقے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی امیدوار صباء تالپور اور اپوزیشن اتحاد کے امیدوار لال چند مالہی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
انتخاب میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے، جے یو آئی، جماعت اسلامی سمیت کل 18 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 213 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 8 ہزار 997 ہے، جہاں کل 498 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ان میں سے 269 کو حساس جبکہ 91 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی ہے۔
ضمنی انتخابات کے موقع پر عمرکوٹ ضلع بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، یہ نشست پیپلزپارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔