اسلام آباد، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم فرما رہے ہیں کہ پٹرول کی قیمت اس لیے کم نہیں کی جا رہی تاکہ بجلی کو سستا کیا جاسکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، یہ کیسا منصوبہ ہے؟ محض خیالی باتوں سے ملک نہیں چلتے، اگر کل کو پٹرول دوبارہ مہنگا ہو گیا تو پھر سڑکیں بنانے کا عمل کیسے ممکن ہوگا؟ کیا واقعی بلوچ عوام نے سڑکوں کا مطالبہ کیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ بلوچ عوام اپنی زمین کے وسائل میں حصہ داری چاہتے ہیں، معدنی ذخائر صوبوں کے دائرہ اختیار میں ہیں، وفاق ان پر زبردستی قبضہ نہیں کرسکتا، وفاقی حکومت اگر اپنی مرضی سے پالیسی بنا کر ان ذخائر کو نکالنا چاہے تو یہ ممکن نہیں ہوگا، نہریں بنانا ایک مثبت اقدام ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ پانی کہاں سے آئے گا؟
دوسری جانب خیبرپختونخوا (کے پی) کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے آرمی چیف کے بیان کی مکمل تائید کی، گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے فخر ہیں اور ان کا کردار اہم ہے۔
گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال تشویش ناک ہے اور آرمی چیف سے درخواست کی کہ وہ صوبے میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔