امریکی سفارت خانے کے تالاب کا پانی ’سرخ‘ ہوگیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ کو اسرائیل نے امریکی ہتھیاروں کی مدد سے خون میں رنگ دیا۔انسانیت کے المبرداروں نے امریکی ایمبسی کے تالاب کے پانی کو خون نما رنگ میں بدل دیا۔

لندن: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف برطانیہ میں ماحولیاتی تنظیم گرین پیس نے منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کے تالاب کا پانی خون جیسا سرخ کر دیا، جس کے بعد تنظیم کے 5 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

latest urdu news

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، گرین پیس کے کارکنوں نے اسرائیل کو امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی ترسیل کے خلاف یہ علامتی احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سفارت خانے کے تالاب میں 300 لیٹر بایو ڈیگریڈیبل سرخ رنگ شامل کیا، جس سے پانی کا رنگ خون جیسا دکھائی دینے لگا۔ مظاہرہ امریکی اسلحہ پالیسی پر تنقید اور غزہ میں جاری جنگ میں امریکا کے کردار کی مذمت کے طور پر کیا گیا۔

تنظیم کے برطانوی ڈائریکٹر ول میک کیلم اور دیگر کارکن ڈیلیوری سائیکل سواروں کا بھیس بنا کر سخت سیکیورٹی والے علاقے میں داخل ہوئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پولیس نے ان افراد کو مجرمانہ نقصان پہنچانے کی سازش کے تحت گرفتار کر لیا، جس کی برطانوی قانون کے مطابق سزا 10 سال قید تک ہو سکتی ہے۔

گرین پیس کی شریک ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اریبہ حامد نے اس مظاہرے کو پُرامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج امریکی ہتھیاروں کی وجہ سے جاری اس جنگ کے خلاف ہے، جس میں معصوم فلسطینی شہری، اسکول، اسپتال اور رہائشی عمارتیں نشانہ بن رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، اور ہم دنیا کو اس المیے سے آنکھیں بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

میٹرو پولیٹن پولیس نے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter