لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاروباری فنانسنگ کے لیے ضرورت کے مطابق قرضے فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، وزیراعلیٰ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں "آسان کاروبار فنانس” اور "آسان کاروبار کارڈ” منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مریم نواز نے ہدایت کی کہ جو افراد نئے کاروباری یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے، انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ قرض حاصل کرنے والے تمام افراد سے باقاعدہ فیڈبیک لیا جائے تاکہ سہولتوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بعض قرض لینے والے شہریوں سے بذریعہ ٹیلی فون براہ راست گفتگو بھی کی اور ان سے قرض کے حصول کے مراحل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات پنجاب حکومت کی جانب سے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور کاروبار کرنے کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں،مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں کی فراہمی کا عمل شفاف اور موثر ہونا چاہیے تاکہ کاروبار کرنے والے افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔