مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی، شیخ وقاص اکرم نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے اور ان کے وکلا سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
شیخ وقاص نے بتایا کہ منگل کے روز بانی پی ٹی آئی کی وکلا اور اہل خانہ سے ملاقات طے ہے، لہٰذا انہیں ملاقات کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کسان دشمن پالیسی کے خلاف پی ٹی آئی کا مؤقف دوٹوک ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں کسانوں کے ساتھ دشمنی دراصل ملک سے دشمنی کے مترادف ہے۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد ملک میں گندم کی قلت پوری کرنے کے لیے گندم درآمد کی گئی، اور اب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین سے مطالبہ ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔
شیخ وقاص نے مزید کہا کہ گندم کی امدادی قیمت ختم کرنا آئی ایم ایف کی شرائط کا نتیجہ ہے، اور اس فیصلے سے ملک ایک سنگین بحران کی طرف جا رہا ہے، ان کے مطابق پاکستان میں کسانوں کو کوئی سہولت تو دی نہیں گئی، اُلٹا ان پر ٹیکس بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ دکانوں پر فروخت ہونے والے تمام نئے اور پرانے موبائل فونز کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔
یہ ہدایات وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں دی گئیں، جس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ضیاء لنجار، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔