اسلام آباد، پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی رہنماؤں کو غیر ضروری بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر پارٹی کے داخلی اختلافات ختم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی اور پارٹی کے اندر جاری بیان بازی پر تشویش ظاہر کی۔
مزید یہ کہ بیرسٹر گوہر کا سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو تاکید کی کہ تنظیمی اختلافات کو میڈیا پر لانے سے اجتناب کریں اور باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل حل کریں۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں اتحاد اور نظم و ضبط کی اشد ضرورت ہے، اور پارٹی مفاد میں سب کو ذمہ دار رویہ اختیار کرنا ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ ضمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کی بقا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک زمین پر بسنے والوں کا ضمیر زندہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن محبت، رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو اپنانے اور ان کے فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔