عید پر پردیسیوں کی واپسی، ٹرانسپورٹرز من مانے کرایے مانگنے لگے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: عید الفطر کے موقع پر پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ عروج پر ہے، مگر حسب روایت ٹرانسپورٹ مافیا نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور سمیت دیگر شہروں میں بس اڈوں پر شہری مہنگے کرایوں اور اوور بکنگ کے باعث پریشان نظر آ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایک ہی سیٹ کی متعدد بکنگ کیے جانے کے باعث کئی افراد بسوں میں سوار ہونے سے قاصر ہیں۔

latest urdu news

مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ کئی گھنٹوں سے بسوں میں سوار ہونے کے انتظار میں بیٹھے ہیں، مگر اضافی کرایہ ادا کرنے کے باوجود انہیں گاڑی میں جگہ نہیں دی جا رہی۔ خواتین اور بچوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز نہ صرف اوورلوڈنگ کر رہے ہیں بلکہ مسافروں کے سامان پر بھی اضافی چارجز وصول کیے جا رہے ہیں۔

دوسری طرف، ٹرانسپورٹرز نے اضافی کرایہ لینے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مسافروں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب ٹرانسپورٹ کی قلت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے جانے والے مسافروں کی تعداد زیادہ ہے، مگر واپسی پر گاڑیاں خالی آتی ہیں، جس کی وجہ سے کرایوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ اضافی اخراجات پورے کیے جا سکیں۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ بس اڈوں پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter