اسلام آباد، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام پر سختی سے عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو پیداواری اور برآمدی ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں 2 ارب ڈالر کے قرض کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے، مذاکرات میں آئی ایم ایف کی ٹیم کی قیادت نیتھن پورٹر نے کی، جبکہ معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔
منظوری کی صورت میں پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت 1 ارب ڈالر کی قسط فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر کے خلاف کائنیٹک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان کو حتمی شکل دی گئی۔