اسلام آباد، سپریم کورٹ میں ڈیجیٹل فائلنگ کا نیا نظام متعارف کر دیا گیا، اب مقدمات اور درخواستیں آن لائن بھی جمع کرائی جا سکیں گی۔
عدالتِ عظمیٰ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 17 مارچ 2025 سے سپریم کورٹ میں ای فائلنگ کا باضابطہ آغاز ہوگا۔
آن لائن دائر کیے گئے مقدمات کی فوری سماعت ہوگی اور 15 دن کے اندر شنوائی مکمل کی جائے گی، اس جدید نظام سے عدالتی معاملات میں مزید شفافیت اور تیزی آئے گی۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ملک کے مختلف اداروں میں ای فائلنگ سسٹم بتدریج متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری امور کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جاسکے۔
دوسری جانب صوبائی موٹر گاڑیاں (ترمیمی) ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا، اب آن لائن سروسز کے تحت چلنے والی گاڑیوں کو صوبائی ٹرانسپورٹ کا اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
آن لائن ٹیکسی سروسز کو قانونی اور ضابطے کے دائرے میں لے آیا گیا ہے، نئے قانون کے تحت گاڑیوں اور ڈرائیورز کے لیے لائسنسنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، یہ قانون مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت گاڑی کے مالک یا ڈرائیور کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس پیش کرنا ہوگا۔