اسلام آباد، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تیار نہیں۔
الیکشن کمیشن میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق سماعت ہوئی، جس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب حکومت کو فوری انتخابات یقینی بنانے کے لیے قانون سازی جلد مکمل کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کا کہنا ہے کہ جب بھی الیکشن کمیشن اپنی تیاریاں مکمل کرتا ہے تو صوبائی حکومتیں قوانین میں ترامیم کردیتی ہیں، بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تیار نہیں۔
دوران ِسماعت سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ صوبے نے 5 مرتبہ انتخابی قوانین تبدیل کیے اور شیڈول کے باوجود صوبے میں بلدیاتی انتخابات ممکن نہ ہوسکے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق جونہی قانون سازی مکمل ہوگی قانون کے تحت رولز بنا دیے جائیں گے، پنجاب حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے معاونت کو بھی تیار ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے رواں سال بھی رمضان اور عید پیکیج دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس متعلق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے امسال بھی رمضان اور عید پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ پیکیج صوبے کے مستحق خاندانوں کو فراہم کیا جائے گا، ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔