وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی سندھ ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن قانونی طور پر درست نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو فارن ایکٹ کو فالو کرنا چاہیے، چینی شہریوں کو بھی پروسیجر کو فالو کرنا چاہیے تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی دائر پٹیشن قانونی طور پر درست نہیں، چینی شہریوں کو قونصل جنرل کے ذریعے اپروچ کرنا چاہیے تھا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ان 2 چینی شہریوں کی یہاں سرمایہ کاری نہیں، پولیس حکام نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی، چینی قونصل جنرل سے ملاقات کروں گا تاکہ ان کا پالیسی بیان سامنے آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چینی سرمایہ کار پولیس کے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے تھے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پولیس کی ہراسانی اور بھتہ خوری سے بچایا جائے، ورنہ لاہور یا واپس چین چلے جائیں گے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ائیرپورٹ سے لیکر رہائش گاہ تک پولیس کی جانب سے رشوت طلب کی جاتی ہے، ائیرپورٹ پر بلٹ پروف گاڑیوں کے نام پر گھنٹوں انتظار کرایا جاتا ہے اور رشوت دینے پر پولیس حکام اپنی گاڑیوں میں رہائش گاہ پہنچاتے ہیں۔
عدالت نے سماعت کے بعد نوٹس جاری کرتے ہوئے آئی جی سندھ اوردیگر سے4 ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔