ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرے باؤزر میں دھماکے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 31 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ ایل پی جی باؤزر میں دھماکے سے آگ لگ گئی اور باؤزر پھٹنے سے ٹکڑے قریبی آبادی پر جا گرے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ بجھا دی گئی، آگ بجھانے میں 10 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم بھی استعمال کی گئی۔
سی پی او ملتان صادق علی نے کہا کہ گیس باؤزر دھماکے میں کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔
سی پی او ملتان نے کہا کہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہے، علاقےکو خالی کرالیا ہے، باؤزر دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، 13 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی سمیت 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، دھماکے کی جگہ سے ملحقہ مکان سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی۔
دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20 گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ دھماکے سے جزوی طور پر 70 گھر متاثر ہوئے ہیں۔