جنوری 2023 میں دنیا کا پہلا ایسا ٹیلی ویژن متعارف کرایا گیا تھا جسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں۔
جنوری 2023 میں دنیا کا پہلا ایسا ٹیلی ویژن متعارف کرایا گیا جسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں۔ یہ انقلابی ایجاد امریکی اسٹارٹ اپ "ڈس پلیس” کی جانب سے تیار کی گئی۔ یہ ٹی وی مکمل طور پر وائرلیس ہے، یعنی اس میں کسی قسم کی تار موجود نہیں اور اسے پاور فراہم کرنے کے لیے بیٹری استعمال کی گئی ہے۔
اب کمپنی نے اس منفرد ٹی وی کا نیا ورژن متعارف کرایا ہے، جس میں ساؤنڈ بار کا اضافہ کیا گیا ہے۔ 55 انچ کا یہ 4K او ایل ای ڈی ٹی وی کسی بھی سپاٹ دیوار پر بغیر کسی ٹول کے چپک سکتا ہے۔ "زپ لائن” نامی فیچر کی بدولت یہ ٹی وی خود کو دیوار سے نیچے گرنے نہیں دیتا۔
جدید فیچرز اور لامحدود سہولت
اس ٹی وی میں ایکٹیو لوپ ویکیوم ٹیکنالوجی موجود ہے، جس سے اسے کسی بھی سطح، جیسے کھڑکی، دیوار، یا فرش پر آسانی سے نصب کیا جا سکتا ہے۔ 10,000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری کی مدد سے یہ ٹی وی سنگل چارج پر روزانہ 6 گھنٹے چلانے پر ایک ماہ تک کام کر سکتا ہے۔
اگر بیٹری بدلنے کی ضرورت ہو، تو "زپ لائن” فیچر ٹی وی کو گرنے سے بچانے کے لیے خودکار طریقے سے کام کرتا ہے، جیسے اسپائیڈر مین کے جالے۔ اس کے علاوہ، 27 انچ کے نئے ماڈل میں 5,000 ایم اے ایچ بیٹری شامل کی گئی ہے۔
قیمت اور دستیابی
یہ منفرد وائرلیس ٹی وی 3 ہزار ڈالرز سے شروع ہوتا ہے اور کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ یہ جدید ایجاد ٹی وی کی دنیا میں ایک نیا باب رقم کر رہی ہے، جو کسی بھی سطح پر آسانی سے نصب ہو سکتی ہے اور بجلی کے بغیر چل سکتی ہے۔