دمشق، شامی صدر بشارالاسد کی جانب سے تمام باقاعدہ فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافے کا حکم دے دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جاری کیے گئے حکم میں کہا گیا ہے یہ اضافہ 50 فیصد ہوگا، فوجیوں کی تنخواہوں میں یہ اضافہ بشارالاسد کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے جاری حملوں کے دوران کیا گیا، ان حملوں کے سبب حلب شہر پر سرکاری کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ واضح طور پر ان فوجیوں کی تنخواہوں میں کیا گیا ہے، جو فوج میں ان دنوں خدمات انجام دے رہے ہیں اور حاضر سروس ہیں، یہ حکمنامہ ریٹائرڈ فوجیوں یا ریزروز کے لیے نہیں ہے۔
ان دنوں شام کی فوج اپوزیشن کے حملوں کی زد میں ہے، شام کی حکومتی فورسز نے بدھ کے روز حماۃ کے اردگرد جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں شمال میں مزید نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
یاد رہے حماۃ شہر وسطی شام میں واقع ہے تاہم دمشق کی حفاظت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔