غزہ، اسرائیل کے غزہ میں بمباری اور ٹینکوں سے حملے میں 6 بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہوگئے۔
خان یونس میں راکٹ لانچر اور ٹینک حملوں سے بڑی انسانی تباہی کا خدشہ مزید بڑھ گیا، اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو مکمل طور پر خان یونس چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔
رفح میں اسرائیلی ٹینک حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے 44 ہزار 532 فلسطینی شہید ہوگئے،1 لاکھ 5 ہزار 538 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہا نہ کئے گئے تو مشرق وسطیٰ کو قیمت چکانا ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا، انہیں اسکی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ نومنتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔