جمعہ, 25 اپریل , 2025

13سال کا حساب دیں، انکے اپنے لوگ اربوں روپے کھا گئے، طلال چوہدری کا گنڈاپور کی دھمکی پر سخت ردعمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو گزشتہ 13 برس کی مالی کارکردگی کا حساب دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ اگر این ایف سی ایوارڈ کے تحت طے شدہ حصے نہیں دیے گئے تو خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور افسران سمیت سب سڑکوں پر آئیں گے۔

latest urdu news

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کو این ایف سی میں اس کے حصے سے زیادہ وسائل فراہم کیے ہیں، اور اب موجودہ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ پچھلے 13 برس کی تفصیلات سامنے لائیں، ان کا کہنا تھا کہ خود پی ٹی آئی کے رہنما اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے اپنے لوگوں نے خزانے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے عندیے پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ خود سے باتیں کر رہے ہیں، کیونکہ ان سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، نافرمان اولاد کو اگر ایک بار عاق کر دیا جائے تو اکثر اس سے رشتہ دوبارہ جوڑا نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مذاکرات کا بیانیہ صرف باتوں تک محدود ہے، مذاکرات اگر ہوں گے تو اسی پارلیمنٹ میں ہوں گے جہاں سے یہ لوگ خود واک آؤٹ کر چکے ہیں۔

عمران خان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر کسی سے ملاقات کے خواہشمند نہیں ہوتے، جن سے ملنا چاہتے ہیں، ان سے صبح سات بجے بھی ملاقات ہو جاتی ہے، افغانستان سے متعلق پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف کسی ایک جماعت کی نہیں، بلکہ ریاستِ پاکستان کی پالیسی ہوگی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter