ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول اور گورنمنٹ دبیرستان فاطمتہ الزہرا گرلز ہائی اسکول گجرات کا دورہ کیا۔
گجرات، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول اور گورنمنٹ دبیرستان فاطمتہ الزہرا گرلز ہائی اسکول گجرات کا دورہ کیا۔ سی ای او ایجوکیشن کامران عزیز ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے مختلف حصوں کلاس رومز، دفاتر، لانز، اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔
انہوں نے صفائی کی صورتحال اور تدریسی عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا اور طالبات سے فراہم کردہ تدریسی سہولیات کے بارے میں سوالات کیے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تدریسی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسکولز میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری خصوصی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ طلباء و طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسکول میں نصب سیکیورٹی کیمروں کو فعال رکھا جائے۔ اسکول کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے، سازوسامان کی دیکھ بھال اور طلباء کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اسکولوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام انتظامی افسران اپنی اپنی تحصیلوں میں باقاعدگی سے اسکولوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ تدریسی سہولیات کے ساتھ ساتھ طلباء کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں مشغول رکھ کر ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے۔