کراچی، قومی ائیر لائن پی آئی اے کا ایک فضائی میزبان کینیڈا سے اسلام آباد کی پرواز میں 16 نئے موبائل فون جسم کے ساتھ باندھ کر لے آیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق پی آئی اے کا ایک ملازم کینیڈا سے شہر اقتدار کی پرواز میں 16 نئے موبائل فون جسم کے ساتھ باندھ کر لایا جسے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کسٹمز کے عملے کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو کئی دن سے خفیہ رکھا گیا، جسے قومی ائیر لائن کی جانب سے جاری ایک شوکاز میں ظاہر کیا گیا۔
شوکاز نوٹس کے مطابق قومی ایئرلائن کا فضائی میزبان 24 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے پرواز پی کے 782 میں اسلام آباد پہنچا تھا۔
جاری کردہ نوٹس کے مطابق ائیرپورٹ سے باہر جانے کے دوران کسٹم حکام کو فضائی میزبان پر شک ہوا، جس پر کسٹم حکام کی جانب سے اس کی تلاشی لی گئی، تو اس کے جسم کیساتھ 16 جدید موبائل فون بندھے ہوئے پائے گئے جنہیں بعد میں ضبط کرکے ملازم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پی آئی اے حکام نے معاملہ ایک شوکاز میں اٹھاتے ہوئے ملازم کو 3 دن میں جواب دینے کی ہدایت کی، شوکاز نوٹس کا جواب تسلی بخش نہ ہونے پر ملازم کو ملازمت سے برطرف کیا جا سکتا ہے۔