سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے اور کلاشنکوف کیساتھ گھر آنے کے الزام پر یوٹیوبر رجب بٹ سمت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یوٹیوبر رجب بٹ سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ مقدمہ سوشل میڈیا آرٹسٹ عمر فیاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح کے وقت رجب بٹ، مان ڈوگر، حیدر شاہ اور دیگر مسلح افراد ان کے گھر پہنچے اور انہیں دھمکیاں دیں کہ ٹک ٹاک پر آنے کا مزہ چکھا دیں گے۔
مدعی کا کہنا ہے کہ مان ڈوگر نے ٹک ٹاک لائیو کے دوران بھی ان کے ساتھ گالی گلوچ اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا۔ عمر فیاض نے مزید کہا کہ اس واقعے سے ان کی عزت مجروح ہوئی ہے اور انہیں اپنی جان کا خطرہ لاحق ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے رجب بٹ کو غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں سزا سنائی تھی۔ عدالت نے انہیں ایک سال تک پروبیشن افسر کے ماتحت کمیونٹی سروس فراہم کرنے کا حکم دیا تھا، جس میں انہیں جانوروں کے حقوق پر ہر ماہ ایک وی لاگ اپلوڈ کرنا تھا۔
رجب بٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ اور ہر ماہ آگاہی ویڈیوز بنانے کا حکم
رجب بٹ نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ برآمد ہوا تھا اور انہوں نے جنگلی جانور رکھنے کی غلطی تسلیم کی تھی۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں مثبت پیغام دیں گے۔ تاہم، اب ایک اور مقدمے میں ان کا نام سامنے آیا ہے، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔