اسلام آباد، حکومت نے 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کو محدود سطح پر مگر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال پریڈ کا انعقاد رمضان المبارک کی وجہ سے محدود پیمانے پر ہوگا، تاہم مسلح افواج کے تمام دستے حسب روایت بھرپور شرکت کریں گے۔
پریڈ ایوانِ صدر کے احاطے میں منعقد کی جائے گی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور مسلح افواج کے دستے انہیں سلامی پیش کریں گے۔
مزید برآں، پاک فضائیہ کے جنگی طیارے ایوانِ صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، جبکہ پاکستان آرمی کا معروف پائپ بینڈ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا، تقریب میں غیر ملکی سفیروں اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک 93 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔