گجرات: گاڑی رکشوں کو سڑکوں پر دھکا لگانا ایک عام بات ہے مگر بھارت میں تو ایئرپورٹ پر ایک جہاز کو دھکا لگانے کے مناظر دیکھنے کو ملے۔
بھارت کی ریاست گجرات کے ایئرپورٹ پر ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں عملے کے افراد نے تکنیکی خرابی کے شکار ہوائی جہاز کو دھکا لگا کر پیچھے کی طرف لے جانے کی کوشش کی۔ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور صارفین میں حیرانی اور مزاح کا باعث بنی ہے۔
ایئرپورٹ کے لاؤنج میں موجود مسافروں نے یہ منظر ریکارڈ کیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملہ طیارے کو دھکا دے رہا ہے۔ اس ویڈیو کو بھارت کے صنعت کار ہرشا گوئنکا نے شیئر کیا اور مزاحیہ انداز میں کہا، ’’اگر طیارہ اسٹارٹ نہیں ہوتا، تو ہم ہندوستان میں اسے اس طرح لے جائیں گے۔‘‘
ویڈیو دیکھنے والے کچھ افراد نے اس واقعے کو مزاحیہ قرار دیا، جب کہ دیگر نے اس پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایسے غیر روایتی طریقے کیوں اپنائے گئے۔ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
یہ انوکھا واقعہ نہ صرف بھارت بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی زیر بحث ہے اور ایئرپورٹ کے انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کرتا ہے۔