عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک اس وقت غیر یقینی حالات کا شکار ہے، ہر سمت اندھیرا چھایا ہوا ہے، دعا کریں کہ بہتری اور روشنی کی کوئی صورت نکلے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 36 ہزار مقدمات کو صرف چار ماہ میں نمٹانا ایک بڑا چیلنج ہے، یہ کام انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور غریب عوام کو ریلیف ملے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 9 مئی 2023 کے واقعات سے جڑے مقدمات کی روزانہ بنیاد پر سماعت کرتے ہوئے چار ماہ کے اندر فیصلے سنائیں۔
عدالتِ عظمیٰ نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ ہر پندرہ دن بعد مقدمات کی پیشرفت رپورٹ متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو جمع کرائی جائے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ملکی اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی ہدایت دی تھی۔
منگل کے روز اڈیالہ جیل میں وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے واضح کیا کہ یہ اقدام کسی ذاتی یا قانونی فائدے کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً ملکی مفاد میں کیا گیا ہے۔