ڈھاکا: بنگلا دیش کے مشہور کرکٹر تمیم اقبال کی صحت کے حوالے سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیف میڈیکل آفیسر دیباشیش چودھری نے تازہ تفصیلات فراہم کی ہیں۔
تمیم اقبال کو پیر کے روز ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے دوران دل کا دورہ پڑا، جب وہ فیلڈنگ کر رہے تھے۔ سینے میں شدید تکلیف محسوس ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
کرکٹر کی ایک شریان میں رکاوٹ، اسٹنٹ ڈال دیا گیا
چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق، تمیم اقبال کی ایک شریان میں رکاوٹ پائی گئی جسے کھولنے کے لیے اسٹنٹ ڈالا گیا۔ تاہم، ان کی باقی تمام شریانیں صحت مند ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ان کی صحت میں مزید بہتری کی توقع ہے، اور اسپتال کی رپورٹس کے مطابق ان کے دیگر اعضا مکمل طور پر ٹھیک کام کر رہے ہیں۔
تمیم اقبال کا فوری علاج اور عالمی کرکٹرز کی نیک تمنائیں
کے پی جے اسپیشلائزڈ اسپتال کے میڈیا ڈائریکٹر ڈاکٹر راجیب حسن کے مطابق، کرکٹر کی اینجیوگرام، اینجیوپلاسٹی اور اسٹنٹنگ کی گئی، جس کے بعد ان کی بند شریان کو کھول دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب وہ خطرے سے باہر ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
16 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کے دوران تمیم اقبال نے 391 میچز میں 15,249 رنز بنائے ہیں۔ ان کی بیماری کی خبر سن کر دنیا بھر کے کرکٹرز اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔