49
گجرات کے گاؤں مراڑیاں شریف میں گھریلو جھگڑے پر بیٹے نے ڈنڈوں کے وار کرکے ماں کو قتل کر دیا۔
گجرات (مراڑیاں شریف): افسوسناک واقعہ میں بیٹے نے ڈنڈے کے وار سے اپنی ماں کو قتل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق، ملزم عثمان نے صبح سات بجے اپنے کمرے سے نکل کر والدہ رضیہ بی بی سے کھانے کا تقاضا کیا، لیکن والدہ کے تھوڑا آرام کر لینے کے جواب پر ملزم طیش میں آ گیا اور غصے میں آ کر ڈنڈے سے ان کے سر پر وار کر دیا۔
شدید چوٹ لگنے کے باعث رضیہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ انڈسٹریل ایریا گجرات نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ مقتولہ کے دوسرے بیٹے اور ملزم کے بھائی فرمان علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔