لاہور، لیاقت آباد میں گھریلو تنازع کے دوران بہنوئی نے طیش میں آ کر سالے کو چھریوں کے وار سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم فیاض کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد خاتون نے اپنے بھائیوں کو بلا لیا، اس دوران 17 سالہ بلال نے معاملے کی وجہ دریافت کرنا چاہی تو فیاض مشتعل ہو گیا اور چھریوں سے حملہ کر دیا۔
شدید زخمی بلال موقع پر ہی دم توڑ گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فیاض، جو پیشے سے قصاب ہے، واردات کے بعد فرار ہو چکا ہے۔
حکام نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق پولیس ٹیم معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ تفتیش کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔