قومی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، گورنر پنجاب کی جانب سے بھی بڑا تحفہ دیدیا گیا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس پہنچنے پر قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے۔
گورنر پنجاب نے ارشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دیدیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کی شاندار کامیابی پر پوری قوم جشن منا رہی ہے۔
سلیم حیدر خان کا یہ کہنا ہے کہ ملک کے ہر حصے میں ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ مزید ریکارڈ بنائیں گے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو رہا کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال کو 13 اگست کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا تھا، وہ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے قریب اپنی رہائشگاہ پہنچے تھے۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کے شبے میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال اور اسسٹنٹ ناظم سے تفتیش شروع کردی گئی تھی۔