گجرات پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 29 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گجرات پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 29 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کریک ڈاؤن کے دوران ساڑھے 3 کلوگرام سے زائد ہیروئن، ساڑھے 4 کلو چرس، 55 لیٹر شراب اور چالو بھٹی برآمد کر لی گئی۔ گرفتاریاں جلال پور جٹاں، ٹانڈہ، کڑیانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے کی گئیں۔
ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، منشیات فروشوں اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات پولیس عوام کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے اور ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
پولیس کی اس کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے جرائم کی شرح میں واضح کمی آئے گی۔