اوٹاوا، کینیڈا نے امریکہ کی جانب سے بھاری درآمدی ٹیکس عائد کرنے کے ردعمل میں امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات نافذ کر دیے ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، کینیڈین حکومت نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ سے درآمد کی جانے والی کچھ گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات پر 25 فیصد درآمدی ٹیکس لاگو کیا جا رہا ہے، یہ اقدام امریکہ کی جانب سے یکطرفہ اور سخت تجارتی پالیسی کے خلاف ایک ردعمل کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔
کینیڈا کے وزیر خزانہ Francois-Philippe Champagne نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ محصولات بدھ کی رات سے مؤثر ہو جائیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ کینیڈا ایسی غیر ضروری اور غیر منصفانہ پالیسیوں کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتا۔
یہ نیا ٹیکس ان کینیڈین صارفین پر لاگو ہوگا جو امریکہ سے گاڑیاں یا ان کے اسپیئر پارٹس درآمد کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مدت صدارت سنبھالنے کے بعد کئی ممالک، بشمول کینیڈا، پر بھاری تجارتی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا مقصد عالمی تجارت میں پائی جانے والی ناانصافیوں کا خاتمہ ہے۔