گجرات: ضلع گجرات میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹا جا رہا ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
کڑیانوالہ کے نواحی گاؤں دھمتل میں رضوان اکبر کے گھر کے تالے توڑ کر نامعلوم چور 42 لاکھ روپے مالیت کے 14 تولے طلائی زیورات، کمبل، اے سی اور دیگر قیمتی الیکٹرونکس سامان چوری کر کے فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ کڑیانوالہ نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اسی طرح کنجاہ کے قریب موسیٰ کھٹانہ کے رہائشی زین علی کو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک کر لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
کھاریاں کے گاؤں بھاگو میں چکوڑی میانی کے رہائشی اسد نواز سے اسلحہ کے زور پر ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا گیا، جبکہ منگووال کے قریب ایشرہ کے رہائشی نصیر احمد کے بیٹے اور خواتین اہل خانہ سے مسلح ڈاکوؤں نے تین لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور ہزاروں روپے نقدی لوٹ لی۔ پولیس تھانہ منگووال نے بھی مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔