ہفتہ, 26 اپریل , 2025

کچے کے 90 فیصد علاقے کو ڈاکوؤں سے خالی کروا لیا گیا، مجتبیٰ شجاع الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

قصور، راولپنڈی اور ننکانہ صاحب میں سیف سٹی کیمرے نصب، سال کے آخر تک 20 اضلاع میں مزید کیمرے لگائے جائیں گے، صوبائی وزیر

لاہور: پنجاب کے صوبائی وزیر پارلیمانی امور، مجتبیٰ شجاع الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کچے کے 90 فیصد علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر کر لیا گیا ہے۔

latest urdu news

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران 45 ڈاکو مارے گئے اور 67 کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 51 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، 61 ہزار 500 ایکڑ زمین واگزار کروا لی گئی ہے۔

اپنی تقریر میں انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ اس کے خاتمے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے کیونکہ نواز شریف نے جنرل راحیل شریف اور جنرل باجوہ کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت اس سے نمٹنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے بتایا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف مسلسل برسرِ پیکار ہے، اب تک 428 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، 34 ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 349 مقدمات درج کیے گئے اور 9 دہشت گرد حملے ناکام بنائے گئے۔

حکومت کے حفاظتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ قصور، راولپنڈی اور ننکانہ صاحب میں سیف سٹی کیمرے لگا دیے گئے ہیں، جبکہ سال کے آخر تک مزید 20 اضلاع میں بھی یہ سسٹم فعال کر دیا جائے گا۔

انہوں نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کی حکومت میں سیف سٹی کیمرے خراب ہو چکے تھے، لیکن موجودہ حکومت اس منصوبے کو تمام شہروں تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مزید برآں، ڈولفن فورس کو بھی تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور اضلاع میں متعارف کروایا جائے گا۔

انہوں نے ورچوئل پولیس اسٹیشنز کے کردار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اپریل 2014 سے اب تک دو لاکھ 62 ہزار مقدمات پر کارروائی ہو چکی ہے، اور اس نظام سے خواتین کو خاص طور پر بہت مدد ملی ہے۔

پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت بجٹ میں اضافہ کر رہی ہے اور پولیس کو جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں اور جیکٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وسیم اکرم پلس، فرح گوگی اور پنکی پیرنی پیسے لے کر ڈی پی او، ایس پی اور ڈی ایس پی تعینات کریں گے، تو جو لوگ کرپٹ نہیں بھی تھے وہ بھی کرپٹ ہو گئے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter