پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سینیٹر زرقا تیمور کا کہنا ہے کہ وہ اپنے الفاظ پر آج بھی قائم ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں سینیٹر زرقا تیمورکا کہنا تھا کہ کہنے والے کچھ بھی کہیں، وہ ٹی اسکرینز ہوں، سوشل میڈیا ہو یا نام نہاد یوٹیوبرز، میں کل بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھی، آج بھی ہوں، اُن پر جان بھی قربان۔
سینیٹر زرقا تیمورکا کہنا تھا کہ میرے سینے میں جو راز دبے ہیں وہ دبے رہنے دیں، پھر کبھی وقت آنے پر اُن رازوں کو افشا کروں گی، ابھی کے لئے آپ سب کا بہت شکریہ کہ جنہوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔
سینیٹر زرقا تیمور نے کہا کہ آپ سب کی کوششوں سے آج میرا بیٹا گھر واپس آگیا ہے، میں نے نہ ہی کوئی ڈیل کی ہے، نہ ہی کوئی ووٹ دیا ہے، میرا گواہ صرف اور صرف میرا اللہ ہے۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کمیٹی کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے 3 نام دے دیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور فاروق ایچ نائیک کے نام بھجوائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس تعیناتی کمیٹی کیلئے 8 ارکان قومی اسمبلی اور 4 ارکان سینیٹ سے لئے جائیں گے۔