کوئٹہ سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ٹرین سروس غیر معینہ مدت تک بند کر دی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق، کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین آپریشن معطل ہوئے چار روز گزر چکے ہیں، اور بحالی کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی، ضلع کچھی میں ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کے بعد شروع کیا جائے گا۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ، عمران حیات کا کہنا ہے کہ پیروکنری کے قریب ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے تاحال سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی، اس وقت ہماری ٹیمیں مچھ اور مشکاف میں موجود ہیں۔
ان کے مطابق، پہلے جعفر ایکسپریس کو ٹریک سے ہٹایا جائے گا، جس کے بعد مرمت کا عمل شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے کے دوران کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر اقدام کر کے بڑے سانحے کو روک دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز ایک اہم پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے سکیورٹی فورسز کے کردار کو اجاگر کیا، فورسز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک کو ایک بڑے سانحے سے بچایا، جو آرمی پبلک اسکول جیسے کسی بڑے المیے کی صورت اختیار کرسکتا تھا۔