لاہور، معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی نے اپنی سالگرہ کینسر میں مبتلا بچوں کے ساتھ ہسپتال میں منائی، جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
کنزہ ہاشمی نے اپنی 28ویں سالگرہ منفرد انداز میں مناتے ہوئے پورا دن بچوں کے کینسر سینٹر میں گزارا، انہوں نے معصوم بچوں کے ساتھ وقت گزارا، کھیل کھیلے، کیک کاٹا اور خوشیاں بانٹیں۔
اداکارہ نے گلابی رنگ کا لباس زیب تن کیا، جو کینسر سے آگاہی کی علامت ہے۔ بچوں کے ساتھ گزرا یہ خوشگوار وقت نہ صرف ان کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا بلکہ مداحوں کے دلوں کو بھی چھو گیا۔
کنزہ ہاشمی نے انڈس ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں زیر علاج ننھے سپاہیوں کے لیے فراہم کی جانے والی دیکھ بھال اور محبت واقعی قابلِ ستائش ہے، ان کی شیئر کردہ تصاویر پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ کنزہ ہاشمی پاکستان کی معروف اداکارہ ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2014 میں کیا اور متعدد ٹیلی ویژن اشتہارات اور ڈراموں میں کام کیا۔
ان کے نمایاں ڈراموں میں سیرت اور عشق تماشا شامل ہیں، عشق تماشا میں ان کے کردار روشنا کے لیے انہیں ہم ایوارڈز میں بہترین منفی اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا۔
View this post on Instagram