جمعہ, 25 اپریل , 2025

کرپشن اور کک بیکس ریفرنس: پرویز الٰہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، کرپشن اور کک بیکس ریفرنس میں احتساب عدالت لاہور کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی کی جانب سے پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف گجرات ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیکس ریفرنس پر سماعت کی گئی، پرویز الہٰی آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی۔

latest urdu news

پرویز الٰہی نے حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس پر فریقین کی جانب سے دلائل مکمل کیے گئے۔ وکلاء کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہٰی عمر رسیدہ اور بیمار ہیں جبکہ ڈاکٹر نے بیڈ ریسٹ کی ہدایت کر رکھی ہے، استدعا کی گئی کہ پرویز الہٰی کی جگہ حاضری کے لیے انوار حسین کو پلیڈر مقرر کیا جائے۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پلیڈر مقرر کرنے کے لیے پرویز الہٰی کا ہیش ہونا لازم ہے، پرویز الہٰی پہلے پیش ہوتے رہے ہیں، انہیں ایک بار طلب کیا جائے۔

سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی بھی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

نیب کے گواہ ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ امجد علی کی جانب سے شہادت قلمبند کروائی گئی، گواہ امجد علی نے بیان دیا کہ میں نے ترقیاتی اسکیموں کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا ہے، گجرات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پنجاب اسمبلی اور کابینہ نے دی۔

ملزمان کے وکلاء نے بھی گواہ سے بیان ہر جرح مکمل کی۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعلی سمیت دیگر پر ترقیاتی منصوبوں میں کک بیکس اور رشوت لینے کا الزام ہے، احتساب عدالت نے پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر رکھی ہے۔

احتساب عدالت کی جانب سے پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس پر مزید سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter